Friday, 23 March 2018

Ghazal : Kabhi Teergi Se Gundha Hua Kabhi Raushni Se Daraa Hua

A Ghazal by Rashid Fazli

غزل

کبھی تیرگی سے گُندھا ہوا کبھی روشنی سے ڈرا ہوا
وہی تشنگی کی نوِشت ہے تو ہے چہرا ایسا لکھا ہوا

مری اِس جبیں   کے فراز میں تری کائناتِ نجوم ہے
جہاں میں نے اپنی جبیں رکھی وہیں سجدہ تیرا ادا ہوا

ہے عجب یہ بے حِسی قلب کی میرے زندہ ہاتھ نہ اُٹھ سکے
وہی ہاتھ صرف ِدعا رہا جو تھا پتھروں میں ڈھلا ہوا*

میری ایک شب کی تھی زندگی جو کہ زادِ راہ میں کٹ گئی
میں تو راستے کا چراغ تھا نہ جلا ہوا نہ بجھا ہوا

میں اِکائی ہوں ترے عشق کی مجھے آئینہ نہ دکھا کوئی
مجھے آئینے سے ڈرائے گا پسِ پردہ کوئی چھپا ہوا

اُسے سوچتے ہوئے کٹ گیا یہ تمام عمر کا اِک سفر
وہی تازہ چہرہ کِھلا ہوا وہی پھول جیسے دُھلاہوا

میں غزل میں اپنا لہو لکھوں کوئی اور اُس کو جو گائے گا
تجھے حرف حرف سنائے گا تُو ہے جاں پہ مری لکھا ہوا

یہ غرورِ عشق بتا ہے کیا وہی لمس  کا تو سوال ہے
یہ کمال ہے مرے ہاتھ کا جسے چھو دیا وہ خدا ہوا

راشد فضلی
 ______________________
*  شہر جدہ (سعودی عرب) کے ایک چوراہے پر دو ہاتھ پتھروں میں تراش کر دعا مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے. یہ شعر اسی سے متاثر ہو کر لکھا گیا ہے.

No comments:

Post a Comment